چاندپور (ایجنسیاں)بنگلہ دیش کے ضلع چاندپور کی تحصیل فرید گنج اپازلہ کی روپشا ساؤتھ یونین میں 56 برس بعد پہلی مرتبہ خواتین نے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔13ویں قومی پارلیمانی انتخابات اور آئینی ریفرنڈم کے موقع پر خواتین کی بڑی تعداد نے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کیا، جسے علاقے کی سیاسی و سماجی تاریخ میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق 1969 میں خواتین کو ووٹ نہ ڈالنے کی ہدایت کی گئی تھی، جس کے بعد اس یونین کی خواتین نے دہائیوں تک انتخابات میں حصہ نہیں لیا، حالانکہ الیکشن کمیشن اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے متعدد بار انہیں ووٹ ڈالنے کی ترغیب دی جاتی رہی۔
جمعرات کی صبح ووٹنگ کے آغاز کے ساتھ ہی یونین بھر کے پولنگ مراکز پر خواتین کی نمایاں شرکت دیکھی گئی۔ ایک 70 سالہ خاتون نے زندگی میں پہلی مرتبہ ووٹ ڈالنے پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ دیگر خواتین نے بھی اسے اپنے حقوق کی بحالی کی علامت قرار دیا۔

