بنگلہ دیش نے بھارت میں اپنے سفارتی مشنز کے ویزا سیکشن بند کر دیے

ڈھاکا(ایجنسیاں)بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں اپنے تین سفارتی مشنز کے ویزا سیکشن عارضی طور پر بند کر دیے ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کرکٹ ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش کے امورِ خارجہ کے مشیر توحید حسین نے بتایا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر مشنز کو یہ ہدایت دی گئی ہے۔

توحید حسین نے وزارتِ خارجہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے تین سفارتی مشنز کو فی الحال ویزا سیکشن بند رکھنے کی ہدایت کی ہے اور یہ فیصلہ خالصتاً سیکیورٹی خدشات کے تحت کیا گیا ہے۔ انہوں نے مشنز کے نام ظاہر نہیں کیے تاہم سفارتی ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں بنگلہ دیش ہائی کمیشن، کولکتہ میں ڈپٹی ہائی کمیشن اور آگرہ تلہ میں بنگلہ دیش اسسٹنٹ ہائی کمیشن کے ویزا سیکشن بند کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق چنئی اور ممبئی میں بنگلہ دیشی سفارتی مشنز کے ویزا سیکشن بدستور کام کر رہے ہیں۔ حالیہ ہفتوں کے دوران بھارت میں بنگلہ دیشی سفارتی مشنز کے قریب احتجاجی مظاہرے بھی دیکھنے میں آئے ہیں۔

واضح رہے کہ عوامی لیگ حکومت کے خاتمے کے بعد بھارت میں قائم بنگلہ دیشی مشنز کے اطراف سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا، جس کے بعد بھارتی ہائی کمیشن نے بھی سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بنگلہ دیشی شہریوں کے لیے سیاحتی ویزوں پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

توحید حسین نے بتایا کہ وہ کھیلوں کے مشیر آصف نذراللہ کے اس مؤقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو بھارت نہ بھیجا جائے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بنگلہ دیش کے میچز شریک میزبان سری لنکا منتقل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم یقینی طور پر بھارت کے باہر کھیلیں گے کیونکہ کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

دوطرفہ تعلقات پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے توحید حسین نے کہا کہ اس نوعیت کے معاملات وقتاً فوقتاً سامنے آتے رہتے ہیں اور ہر فیصلے کا کچھ نہ کچھ اثر ضرور ہوتا ہے، تاہم حکومت قومی مفاد کو سامنے رکھ کر فیصلے کرے گی۔