بنگلہ دیش: ڈھاکا ایئرپورٹ پر آتشزدگی، پروازیں معطل

ڈھاکا (ایجنسیاں)بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے کے کارگو حصے میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔

مقامی اخبار دی ڈیلی اسٹار کے مطابق فائر سروس اینڈ سول ڈیفنس کے 36 یونٹس آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے ترجمان نے کہا کہ تمام طیارے محفوظ ہیں اور جیسے ہی کوئی پیش رفت ہوگی، مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔

رپورٹس کے مطابق آگ دوپہر تقریباً ڈھائی بجے (پاکستانی وقت ڈیڑھ بجے) ایئرپورٹ کے گیٹ نمبر 8 کے قریب کارگو حصے میں لگی۔ بنگلہ دیش کے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ بنگلہ دیش سول ایوی ایشن اتھارٹی، فائر سروس، نیوی، اور ایئر فورس کے یونٹس آگ بجھانے میں مصروف ہیں، اور بارڈر گارڈ بنگلہ دیش کی دو پلٹونیں بھی اس عمل میں شامل ہیں۔

ڈھاکا ایئرپورٹ کے بندش کی وجہ سے کم از کم پانچ پروازیں چٹاگانگ کے شاہ امانت بین الاقوامی ہوائی اڈے اور سلہٹ کے عثمانی بین الاقوامی ہوائی اڈے کی جانب موڑ دی گئی ہیں۔ شاہ امانت ایئرپورٹ کے پبلک ریلیشنز افسر محمد ابراہیم خلیل کے مطابق ڈھاکا کی فضائی حدود شام 6 بجے تک بند رہیں گی۔

اخبار کے مطابق امریکا۔بنگلہ ایئرلائنز کی دو اور بنگلہ دیش ایئرلائنز کی دو پروازیں شاہ امانت ایئرپورٹ کی طرف موڑ دی گئی ہیں، اور تازہ ترین تبدیلیوں کے بعد کل آٹھ ملکی و بین الاقوامی پروازیں وہاں اتریں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ حالات معمول پر آنے کے بعد یہ پروازیں دوبارہ ڈھاکا روانہ کی جائیں گی، جبکہ پروازوں کی بندش کے باعث ایئرپورٹ پر روانگی کے مسافر انتظار میں ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں