ڈھاکا (بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ، غیر ملکی میڈیا)بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں بنگلہ دیش نے اعلان کیا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز بھارت میں نہیں کھیلے گا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے مطابق کھلاڑیوں کی سکیورٹی سے متعلق بڑھتے خدشات کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں حکومت کی سفارش بھی شامل ہے، جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے باضابطہ طور پر میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کر دی گئی ہے۔
بی سی بی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں قومی ٹیم کا بھارت جانا محفوظ نہیں، اسی لیے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو ان کی آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز نے بی سی سی آئی کی سفارش پر فارغ کر دیا۔
قبل ازیں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت میں نوجوانوں اور اسپورٹس کے مشیر آصف نذرل نے کہا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ، کرکٹرز اور ملک کی کسی بھی طرح کی توہین قبول نہیں کی جائے گی اور جہاں ایک بنگلہ دیشی کھلاڑی معاہدے کے باوجود بھارت میں نہیں کھیل سکتا وہاں پوری ٹیم بھی خود کو محفوظ تصور نہیں کر سکتی۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے شروع ہوگا جس کی مشترکہ میزبانی بھارت اور سری لنکا کر رہے ہیں، جبکہ بنگلہ دیش کو اپنے چاروں گروپ میچز بھارت میں کھیلنا تھے۔ پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا، جو بھارت اور پاکستان کے درمیان طے شدہ معاہدے کا حصہ ہے۔

