اوٹاوا (نمائندہ خصوصی) —مسی ساگا کی رکن پارلیمنٹ اور اونٹاریو لبرل پارٹی کی رہنما بونی کرومبی نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ افراد تک فوری انسانی امداد پہنچائی جائے، جنگ بندی کی جائے اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی مکمل پاسداری کی جائے۔
بونی کرومبی نے اپنے بیان میں کہا”غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال میرے لئےباعثِ شدید تشویش ہے۔ نقل مکانی، انسانی امداد کی بندش اور بے گناہ انسانی جانوں کا ضیاع نہایت افسوسناک اور تباہ کن ہے۔”
انہوں نے کہا کہ کینیڈا کی حکومت نے جو انسانی امداد فراہم کی ہے وہ تاحال متاثرین تک نہیں پہنچ سکی، جس پر تشویش ہے۔”یہ امداد اب بھی شہریوں تک نہیں پہنچ سکی۔ یہ ناگزیر ہے کہ بین الاقوامی تنظیموں کی قیادت میں یہ امداد فوری طور پر متاثرہ افراد کو فراہم کی جائے۔”
بونی کرومبی نے مزید کہا”دنیا بھر کے بے شمار لوگ اس بحران کو دیکھ کر غم اور خوف میں مبتلا ہیں۔ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم مستقل جنگ بندی، عام شہریوں کے تحفظ، یرغمالیوں کی رہائی اور عالمی انسانی قوانین کے تحت وقار و امن کی بحالی کے لیے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں۔”انہوں نے زور دیا کہ کینیڈا کو بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس انسانی بحران کے فوری حل کیلئےکردار ادا کرنا چاہیے۔

