جے پور(ایجنسیاں)بھارتی ریاست راجستھان میں قتل کے دو سزا یافتہ مجرمان جیل میں ملاقات اور محبت میں گرفتار ہونے کے بعد پیرول پر رہائی پا کر شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان ہائی کورٹ نے پریا سیٹھ عرف نیہا سیٹھ اور ہنومان پرساد کو شادی کے لیے 15 روزہ ایمرجنسی پیرول دی ہے، دونوں کی آج شادی ہو رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پریا سیٹھ ایک سابق ماڈل ہیں جو 2018 میں آن لائن ایپ کے ذریعے ملنے والے نوجوان دشینت شرما کے اغوا اور قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق قتل تاوان کے منصوبے کے تحت کیا گیا تھا اور مقتول کی لاش سوٹ کیس میں بند کر کے پہاڑی علاقے میں پھینک دی گئی تھی، وہ اس وقت سانگانیر اوپن جیل میں قید ہیں۔
دوسری جانب ہنومان پرساد ایک سنگین قتل کیس میں سزا یافتہ مجرم ہے جس نے 2017 میں اپنی گرل فرینڈ کے کہنے پر اس کے شوہر اور چار بچوں کو بے دردی سے قتل کیا تھا، اس واقعے کو الور شہر کے ہولناک ترین قتل کیسز میں شمار کیا جاتا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں مجرمان کی ملاقات تقریباً چھ ماہ قبل جیل میں ہوئی تھی جہاں سے ان کی محبت کی کہانی کا آغاز ہوا جو اب شادی کے رشتے میں تبدیل ہو گئی ہے۔

