آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ میں بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف سیریز جیت لی بلکہ بھارت کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل سے باہر کر دیا۔
سڈنی میں کھیلے گئے بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز کے آخری میچ میں تیسرے روز ہی کینگروز نے بھارتی سورماؤں کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز تین، ایک سے جیت لی۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے تیسرے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کیلئےکوالیفائی بھی کر لیا۔
بھارت جس کو مسلسل تیسری بار ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی کی امیدیں برقرار رکھنے کیلئے سڈنی ٹیسٹ میں لازمی فتح درکار تھی۔ تاہم بھارتی بیٹرز نے بدترین پرفارمنس دے کر ایک ارب سے زائد بھارتیوں پر بجلی گرا دی۔
آسٹریلیا نے اس فتح کے ساتھ ہی اپنے پوائنٹس 63.73 کر کے دوسری پوزیشن حاصل کر لی جب کہ بھارت 50 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلا گیا۔ جنوبی افریقہ 66.67 پوائنٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
تیسرا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل رواں سال جون میں انگلینڈ میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پروٹیز پہلی بار جب کہ کینگروز دوسری بار ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلیں گے۔