بھارتی حکام نے معروف میڈیا پلیٹ فارم ’دی وائیر‘ کو بلاک کردیا

نئی دہلی(ایجنسیاں)مودی حکومت کا گمراہ کن پروپیگنڈا بے نقاب ہونے پر بھارتی حکام نے معروف میڈیا پلیٹ فارم ’دی وائیر‘ کو بلاک کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے حقائق سے پردہ اٹھانے پر دی وائیر کو بلاک کیا، پابندی کی وجہ کرن تھاپر کے پروگرام میں سابق بھارتی فوجی افسر پراوین سواہنی کے ہوشربا انکشافات تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاک فضائیہ کے ہاتھوں اپنے جیٹ طیاروں کے گرانے کی خبر جھٹلا نہیں سکا جب کہ 2019 میں بھی بھارتی فوج نے اپنے میزائل سے اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو تباہ کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مودی سرکار نے انتخابات کی وجہ سے اس واقعے کو چھپایا تھا جب کہ بھارت کے حالیہ عسکری نقصانات کو بھی مخصوص سیاسی مقاصد کے تحت چھپایا جا رہا ہے۔

عسکری تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ ہم 4 طیاروں کی تباہی کی بات کررہے ہیں، ان طیاروں کی نوعیت پر فارن سیکریٹری کو بات کرنی چاہیے تھی اور طیارے گرانے سے متعلق پاکستانی دعووں کا جواب دینا چاہیے تھا، ہم پاکستانی فضائیہ کے دعووں کو دیکھیں تو انہوں نے وہ کردکھایا، جو وہ کرنا چاہتے تھے ۔

دوسری جانب، مودی سرکار نے نامور صحافی اور عسکری تجزیہ کار پراوین سواہنی کی تیار کردہ 11 منٹ کی ویڈیو بھی بلاک کر دی۔فورس میگزین کے ایڈیٹر پراوین سواہنی نے یہ ویڈیو آپریشن سندور پر بنائی تھی، جس میں انہوں نے تصدیق کی کہ پاکستان نے بھارت کے 4 جنگی جہاز تباہ کیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک کرائسس سچوئشن ہے لیکن جنگ نہیں ہے، ہمیں ایمانداری کے ساتھ سوچنا ہوگا کہ آپریشن سندور سے کیاحاصل ہوا، اور کیا ضروری تھا؟

بعد ازاں، میڈیا پلیٹ فارم کی جانب سے ’ایکس‘ پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ آئینی طور پر دی گئی آزادی صحافت کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی حکومتِ نے پورے بھارت میں ’دی وائر‘ تک رسائی روک دی۔

پوسٹ میں مزید کہا گیا ’انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ دی وائر کو انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 کے تحت وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکم نامے کے مطابق بلاک کیا گیا ہے‘۔

اپنا تبصرہ لکھیں