نیویارک(نمائندہ خصوصی) بھارتی شہری نکھل گپتا نے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کا اعتراف کر لیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نکھل گپتا نے نیویارک کی فیڈرل کورٹ میں سماعت کے دوران اپنا جرم قبول کیا۔ نکھل گپتا کو جون 2023 میں چیک ریپبلک سے گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد اسے امریکا منتقل کیا گیا۔
گرپتونت سنگھ پنوں کو امریکا میں قتل کرنے کی سازش سامنے آنے کے بعد امریکا اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گرپتونت سنگھ پنوں خالصتان کے قیام کے لیے سرگرم ہیں۔
پراسیکیوٹر کے مطابق نکھل گپتا بھارتی حکومت کے زیرِ اثر کام کرنے والے اس گروپ کا حصہ تھا جو اوورسیز علیحدگی پسند سکھوں کو نشانہ بناتا ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ جون 2023 میں کینیڈا کے ایک گوردوارہ کے باہر خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو قتل کر دیا گیا تھا۔

