بھارتی ٹیم کے مایوس کن رویہ پر آئی سی سی کو شکایت درج کرادی گئی: مائیک ہیسن

دبئی (اسپورٹس رپورٹر) – پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں بھارتی ٹیم کے رویے کو انتہائی مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑی بھارتی ٹیم سے ہاتھ ملانے کے لیے تیار تھے مگر بھارتی کھلاڑی بغیر ہاتھ ملائے ہی ڈریسنگ روم واپس چلے گئے۔

پوسٹ میچ پریس کانفرنس میں مائیک ہیسن نے کہا کہ ’’کھیل میں اسپورٹس مین اسپرٹ بہت اہم ہے، ہم نے میچ کے بعد ہاتھ ملانے کی روایت برقرار رکھنے کی کوشش کی لیکن بھارتی ٹیم کے رویے پر افسوس ہوا، اسی لئے کپتان سلمان علی آغا کو اختتامی تقریب میں نہیں بھیجا گیا۔‘‘

ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ اس واقعے پر پاکستان ٹیم انتظامیہ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے میچ ریفری کو باضابطہ شکایت درج کرادی ہے اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو سمیت کھلاڑیوں کے رویے کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ میچ کے دوران بھی بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا تھا۔ میچ کے اختتام پر سوریا کمار یادیو (47 ناٹ آؤٹ) اور شیوم دھوبے (10 رنز ناٹ آؤٹ) پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے بغیر میدان سے باہر چلے گئے اور باقی ٹیم کو بھی ڈریسنگ روم بلوا لیا جبکہ پاکستان ٹیم میدان میں ہی موجود رہی۔

اپنا تبصرہ لکھیں