کوئٹہ (نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ “پوری قوم دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے، پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ پرعزم انداز میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔”
وزیراعظم، وفاقی وزراء اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں انہوں نے خضدار حملے میں زخمی ہونے والے بچوں اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، اور شہداء کیلئےدعا مغفرت کی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق خضدار میں اسکول بس پر خودکش حملہ بھارت کے ریاستی سرپرستوں (فتنہ الہند) کی جانب سے منظم دہشتگردی کا تسلسل ہے جس نے ایک بار پھر معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر انسانیت کی تمام حدیں پار کر دیں۔
بیان میں کہا گیا”بھارت کی جانب سے دہشتگردی کو بطور ریاستی پالیسی استعمال کرنا خطے میں عدم استحکام کی سب سے بڑی وجہ ہے۔”اسکول بس کو خودکش حملہ آور نے نشانہ بنایا، جس کے تانے بانے بھارتی پراکسی نیٹ ورکس سے جا ملے.
قوم کا اتحاد، دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ میں وزیراعظم اور آرمی چیف نے کوئٹہ میں کہا”یہ حملہ صرف معصوم بچوں پر نہیں، بلکہ پاکستان کی سالمیت پر وار ہے۔ ہم اس جنگ کو اس کے فیصلہ کن انجام تک پہنچائیں گے۔”
انہوں نے واضح کیا کہ تمام سہولت کار، منصوبہ ساز اور حملہ آور انصاف کے کٹہرے میں لائے جائیں گے. بھارت کے دوہرے کردار کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے گا.بلوچ و پشتون عوام کی شناخت کو بدنام کرنے والے گروہوں کو عبرتناک انجام دیا جائے گا.
حکومتِ پاکستان نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیاہے کہ “معصوم بچوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے والی ایسی دہشتگردی پر عالمی برادری فوری نوٹس لے اور بھارت کو قانون اور اخلاقیات کے کٹہرے میں لایا جائے۔”
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ “یہ وطن ہمارا ہے، اور ہم اپنی آنے والی نسلوں کے تحفظ کیلئےکسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔” –

