بھارتی کرکٹر ابھیشیک شرما نے ڈومیسٹک ٹی 20 ٹورنامنٹ میں 28 گیندوں پر سنچری جڑ دی۔سید مشتاق علی ٹرافی کے میچ میں پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے ابھیشیک شرما نے میگھالیا کے خلاف 28 گیندوں پر سنچری اسکور کی ہے، انہوں نے 29 گیندوں پر 106 رنز بنائے۔
گزشتہ ہفتے ارول پٹیل نے گجرات کی نمائندگی کرتے ہوئے تریپورا کے خلاف 35 گیندوں پر 113 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔
واضح رہے کہ ساحل چوہان نے استونیا کی نمائندگی کرتے ہوئے سائپرس کے خلاف گزشتہ برس جون میں 27 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔
ابھیشیک شرما نے ٹورنامنٹ کی چوتھی سنچری اسکور کی ہے اور وہ فہرست میں ٹاپ پر آگئے ہیں جبکہ انمکت چاند، رتوراج گائیکواڈ، ایشان کشن، شریاس ایئر بھی تین، تین سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔
راجکوٹ میں کھیلے گئے میچ میں میگھالیا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے تھے اور پنجاب کو جیت کے لیے 143 رنز کا ہدف دیا تھا۔پنجاب نے ابھیشک شرما کی دھواں دار سنچری کی بدولت مطلوبہ ہدف 9.3 اوورز میں حاصل کرلیا۔
یاد رہے کہ ابھیشیک شرما نے بھارت کی جانب سے 12 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے ہیں جبکہ وہ آئی پی ایل میں سن رائزز حیدرآباد کی نمائندگی کرتے ہیں اور انہیں 14 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا گیا ہے۔