اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک)قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے مینٹور اور سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کا رویہ کھیل کی روایات کے مطابق نہیں تھا۔ انڈر 19 ایشیا کپ میں شاندار کامیابی کے بعد قومی ٹیم کے کوچ، مینٹور اور کھلاڑیوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ بھارت کے خلاف فائنل جیت کر کھلاڑیوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، تاہم بھارتی کھلاڑیوں کا رویہ مناسب نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کھلاڑیوں کو اسپورٹس مین اسپرٹ برقرار رکھنے کی ہدایت کی تھی۔ سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل اس فتح سے ٹیم کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے کھلاڑیوں کے لیے فی کس ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے، جس سے نوجوان کرکٹرز کی بھرپور حوصلہ افزائی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ فائنل میں سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں نے بھی مجموعی طور پر عمدہ کارکردگی دکھائی۔
اس موقع پر انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور نے کہا کہ ایشیا کپ کے لیے ٹیم نے منظم اور بھرپور تیاری کی تھی اور کھلاڑیوں نے طے شدہ حکمتِ عملی کے مطابق کھیل پیش کیا جس کا نتیجہ کامیابی کی صورت میں سامنے آیا۔
ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ کی بھرپور سپورٹ سے میدان میں بہتر نتائج حاصل ہوئے، ورلڈ کپ سے قبل ٹیم اپنی خامیوں پر مزید کام کرے گی۔ فائنل میں شاندار اننگز کھیلنے والے سمیر منہاس نے کہا کہ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں بے خوف کرکٹ کھیلنے کا منصوبہ بنایا تھا جو کامیابی کی بنیاد بنا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

