بھارت: بہار میں حجاب تنازعہ، خاتون ڈاکٹر کااحتجاجاً سرکاری نوکری لینے سے انکار

پٹنہ (بھارتی میڈیا) بھارتی ریاست بہار میں وزیرِاعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک تقریب کے دوران خاتون ڈاکٹر نصرت پروین کے نقاب کھینچنے کے واقعے کے بعد انہوں نے احتجاجاً سرکاری نوکری قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق صحت کے وزیرمنگل پانڈے نے اس معاملے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس خبر کا علم نہیں کہ کوئی خاتون ڈاکٹر وزیرِاعلیٰ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد سرکاری ملازمت جوائن کرنے سے انکار کر گئی ہو۔

منگل پانڈے نے تنازعہ ختم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں برسرِ اقتدار این ڈی اے حکومت ہمیشہ خواتین کے احترام اور انہیں بااختیار بنانے کیلئےکام کرتی رہی ہے اور وزیرِاعلیٰ نے خواتین کی فلاح و بہبود کیلئےاہم اقدامات اٹھائے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ پیر کے روز پیش آیا، جب نتیش کمار نے ایک تقریب کے دوران ڈاکٹر نصرت پروین کے چہرے پر موجود نقاب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے خود اسے ہٹا دیا جس سے ان کا چہرہ عیاں ہو گیا تھا۔