بھارت: بیوی کو قتل کرنے کے بعد شوہرنےتھانے جا کر روتے ہوئے گرفتاری دے دی

کانپور (ایجنسیاں)بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع کانپور میں ایک 22 سالہ شخص نے اپنی بیوی کو گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد تھانے جا کر روتے ہوئے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس اور بھارتی میڈیا کے مطابق سچن نامی نوجوان نے ہفتے کی صبح مہاراج پور تھانے میں جا کر پولیس افسر کو بتایا کہ اس نے اپنی بیوی شویتا کو قتل کر دیا ہے اور اس کی لاش گھر میں کمبل میں لپٹی پڑی ہے۔

پولیس نے ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے کر واقعے کی جگہ پر پہنچ کر شویتا کی لاش برآمد کر لی، جسے پوسٹمارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ تحقیقات کے مطابق سچن اور شویتا کا تعلق ضلع فتح پور کے موہن پور گاؤں سے تھا اور دونوں نے اہل خانہ کی مرضی کے خلاف کورٹ میرج کی تھی۔

پولیس کے مطابق سچن بیوی کے کردار پر شبہات رکھتا تھا، خاص طور پر اس کے بینک اکاؤنٹ میں بار بار رقم آنے پر شک پیدا ہو گیا تھا، جس کے بارے میں شویتا نے بتایا کہ رقم اس کی دادی کی طرف سے آتی ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ سچن کئی گھنٹے شہر میں گھومنے کے بعد آخرکار غنیمت جان کر خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا۔ مزید تفتیش جاری ہے اور پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔