بھارت: ’سائیکو کلر‘ کو عمر قید کی سزا، متعدد قتلوں کا اعتراف

فرید آباد(ایجنسیاں) بھارتی میڈیا کے مطابق فرید آباد کی مقامی عدالت نے 2022ء میں ایک خاتون کو اغواء اور قتل کرنے کے جرم میں 54 سالہ سنگھ راج کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ عدالت نے ملزم پر 2 لاکھ 10 ہزار روپے سے زائد جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

ملزم کو مقامی طور پر ’سائیکو کلر‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج نے گزشتہ روز سنگھ راج کے خلاف فیصلہ سنایا۔ مقدمہ 2022ء میں متاثرہ خاتون کی 20 سالہ بھانجی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروانے کے بعد درج کیا گیا تھا، جس کے اگلے دن سنگھ راج کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

سنگھ راج نے متاثرہ خاتون کو قتل کرنے اور لاش کو آگرہ کینال کے کنارے پھینکنے کا اعتراف کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے مجموعی طور پر 6 قتلوں کا اعتراف کیا ہے، جن میں 3 کم سن لڑکیاں بھی شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق 2019ء میں سنگھ راج نے ایک چائے فروش کی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی اور مزاحمت پر اسے قتل کر دیا۔ اگست 2020ء میں ایک نجی اسپتال میں 12 سالہ لڑکی اور جون 2021ء میں اسپتال میں کام کرنے والی ایک اور نابالغ لڑکی کو قتل کیا۔

سنگھ راج فرید آباد میں واقع ایک نجی اسپتال میں سیکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق اس نے اپنے چچا اور کزن کے قتل کا بھی اعتراف کیا ہے، جبکہ دیگر مقدمات عدالت میں زیر سماعت ہیں۔