بھارت: شادی کے دباؤ پر عاشق نے محبوبہ کو قتل کر دیا

لدھیانہ (ایجنسیاں)بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع لدھیانہ میں ایک شخص نے اپنی محبوبہ کو شادی کیلئے دباؤ ڈالنے پر قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ لدھیانہ کے ایک ہوٹل میں پیش آیا، جہاں خاتون نے جھگڑے کے دوران مرد پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا، جس سے وہ زخمی ہو گیا۔ مشتعل ہو کر زخمی شخص نے خاتون کو گلا گھونٹ کر مار ڈالا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ بعد ازاں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے شدید زخمی ہونے کے باعث چندی گڑھ کے اسپتال میں داخل کروایا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ دو بچوں کی ماں تھی اور اس کے شوہر کے ساتھ طلاق کے مقدمے کا سلسلہ جاری تھا۔ اسی دوران اس کی امیت نشاد سے ملاقات ہوئی، جس کے بعد جھگڑا اور قتل کا واقعہ پیش آیا۔خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے اور پولیس واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے۔