علی گڑھ (ایجنسیاں)بھارتی ریاست اتر پردیش کی مشہور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (AMU) کے کیمپس میں بدھ کی شام ایک کمپیوٹر سائنس کے استاد کو نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار دی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی حالت میں دم توڑ گئے۔ مقتول کی شناخت راؤ دانش علی کے نام سے ہوئی ہے، جو AMU کے ABK ہائی اسکول میں گزشتہ گیارہ برس سے بطور ٹیچر پڑھا رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق واقعہ تقریباً رات 8:50 بجے یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری کے قریب پیش آیا، جب دانش علی اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ معمول کی چہل قدمی کررہے تھے۔ اسی دوران دو نقاب پوش حملہ آور اسکوٹر پر آئے اور ان پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس میں انہیں کم از کم تین گولیاں لگی، جن میں سے دو سر میں تھیں۔ حملے کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔
زخمی حالت میں دانش علی کو جے این میڈیکل کالج منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ اس واقعے نے یونیورسٹی کے کیمپس میں طلبہ، اساتذہ اور عملے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پراکٹر محمد وسیم علی نے بتایا کہ واقعہ کے فوراً بعد یونیورسٹی کو فائرنگ کی اطلاع موصول ہوئی، اور پولیس موقع پر پہنچ کر سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ شروع کر دی ہے۔ تاہم حملہ آوروں کی فوری شناخت نہیں ہوسکی ہے اور تفتیش جاری ہے۔

