راولپنڈی(آئی ایس پی آر)چیف آف ڈیفنس فورسرز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افغان طالبان حکومت کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کے پاس فتنۃ الخوارج (ٹی ٹی پی) یا پاکستان میں سے کسی ایک کے انتخاب کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ دفاعی خطرات بڑھ رہے ہیں اسلئے تینوں مسلح افواج متحد نظام کے تحت ملٹی ڈومین آپریشنز کو مزید مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ نئے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز کا قیام تاریخی اور دفاعی تقاضوں کے مطابق ضروری قدم ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کو بھی واضح انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے، اگر دوبارہ کسی جارحیت کی کوشش کی گئی تو پاکستان کا جواب پہلے سے بھی زیادہ برق رفتار اور شدید ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور قومی سلامتی کے دشمن جان لیں کہ پاکستان ناقابلِ تسخیر ہے۔ اس کی حفاظت ایمان سے سرشار جانبازوں اور متحد قوم کے عزم نے کر رکھی ہے۔
افغانستان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ طالبانرجیم کو واضح پیغام دیا جا چکا ہے کہ پاکستان کیخلاف دہشتگردی برداشت نہیں کی جائے گی، ٹی ٹی پی کی پناہ، سہولت اور تعاون ناقابل قبول ہے۔
تقریب سے قبل فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسرز کا منصب سنبھالنے کے بعد تینوں مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

