بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ایک کالج کے گرلز ہاسٹل کے واش روم میں خفیہ کیمرے لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق آندھرا پردیش کے ایک انجینئرنگ کالج میں لڑکیوں کے ہاسٹل کے واش روم میں مبینہ طور پر ایک خفیہ کیمرہ سامنے آنے کے بعد طلباء نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ کیمرے سے خفیہ طور پر طالبات کی ویڈیوز بنائی گئیں، جو اسی کالج کے ایک سینئر طالب علم نے لیک اور فروخت کیں، جبکہ اس کے لیپ ٹاپ سے لڑکیوں کی 300 ویڈیوز بھی برآمد ہوئی ہیں۔یہ واقعہ آندھرا پردیش کے ضلع کرشنا کے ایس آر گڈلاویلریو انجینئرنگ کالج میں لڑکیوں کے ہاسٹل میں پیش آیا۔ جس کے بعد طالبات نے انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کے مطالبے کے ساتھ احتجاج کیا، جس پر انتظامیہ نے فوری طور پر کارروائی کا وعدہ کیا۔پولیس اور مقامی حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا امکان ہے۔وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش نے ہاسٹل میں خفیہ کیمروں کی موجودگی کے بارے میں طلباء کی تشویش پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔