بھارت: معروف ڈاکٹر کی موت کے بعد کروڑوں کی جائیداد پر تنازع کھڑا ہوگیا

جبل پور(ایجنسیاں)بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر جبل پور میں 81 سالہ ماہرِ امراضِ چشم ڈاکٹر ہیملتا شریواستو کی موت کے بعد ان کی کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد پر شدید قانونی تنازع کھڑا ہوگیا۔رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر ہیملتا شریواستو کے 11 ہزار مربع فٹ کے پلاٹ کی مالیت تقریباً 60 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے، جس پر مختلف فریقین دعوے کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر سُمِت جین کا دعویٰ ہے کہ مرحومہ نے یہ زمین یادگاری اسپتال بنانے کے لیے عطیہ کی، جبکہ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے الزام عائد کیا کہ کمزور صحت کے دوران ان پر دستخط کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔دوسری جانب گائتری مندر ٹرسٹ کا مؤقف ہے کہ ڈاکٹر اپنی تمام جائیداد ٹرسٹ کے نام کرنا چاہتی تھیں، جبکہ ان کی بہن قانونی وارث کے طور پر سامنے آئی ہیں۔

ضلعی کلکٹر نے بتایا کہ متنازع زمین میونسپل کارپوریشن کی لیز ہولڈ پراپرٹی ہے اور قانوناً عطیہ نہیں کی جا سکتی، اور معاملہ ایس ڈی ایم عدالت میں بھیجا گیا ہے جہاں تمام فریقین کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ہیملتا کے بیٹے اور شوہر پہلے ہی انتقال کر چکے تھے، جس کی وجہ سے کیس مزید حساس اور مشکوک بن گیا ہے۔ حکام نے کہا کہ فیصلہ مکمل قانونی جانچ کے بعد ہی کیا جائے گا۔