پونا(نیوزایجنسیاں)بھارت کے شہر پونا میں معروف کاروباری شخصیت اور ملتانی بیکری کے مالک 60 سالہ سنیل موتی لال سدارنگانی نے ایک بلند رہائشی عمارت کی 17ویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ سنیل سدارنگانی ریاست مہاراشٹر کے شہر شولاپور کی مشہور ملتانی بیکری کے مالک تھے۔
وجے پور پولیس کے مطابق واقعہ بدھ کے روز پونا میں پیش آیا، جہاں سدارنگانی ایک رہائشی عمارت میں پہنچے اور لفٹ استعمال کرنے کے بجائے سیڑھیاں چڑھ کر 17ویں منزل تک گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق انہیں خودکشی سے قبل چھت پر ہاتھ جوڑے دعا کرتے دیکھا گیا، جس پر رہائشیوں نے سیکیورٹی عملے کو اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق سیکیورٹی گارڈ موقع پر پہنچا اور سدارنگانی کو نیچے آنے پر آمادہ کر لیا، تاہم نیچے آنے کے بعد انہوں نے گارڈ کو بتایا کہ وہ اپنی چابیاں چھت پر بھول آئے ہیں۔ اس بہانے وہ دوبارہ 17ویں منزل پر گئے اور وہاں سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کر دیا اور حادثاتی موت کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق خودکشی کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں اور نہ ہی کوئی سوسائیڈ نوٹ برآمد ہوا۔

