ممبئی(شوبزڈیسک)بالی ووڈ کی سابق اداکارہ ثنا خان نے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے کہ ان کے شوہر مفتی انس سید نے انہیں فلم انڈسٹری چھوڑنے اور مذہب کی جانب راغب کرنے کے لیے برین واش کیا۔ ثنا خان کا کہنا ہے کہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ تھا اور وہ خود سکون کی تلاش میں تھیں۔
حال ہی میں اداکارہ رشامی ڈیسائی کے ساتھ گفتگو کے دوران ثنا خان نے کہا کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ اپنے رشتے کو بہت اہمیت دیتی ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی شادی انتہائی خفیہ رکھی گئی تھی اور اس بارے میں صرف ان کے والدین کو علم تھا۔
ثنا خان نے 2020 میں بالی ووڈ کو خیرباد کہہ کر اعلان کیا تھا کہ وہ انسانیت کی خدمت اور خالق کے احکامات پر عمل کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے نومبر 2020 میں مفتی انس سید سے شادی کی اور ان کے دو بچے ہیں۔
37 سالہ ثنا خان فلم جے ہو، ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا اور ویب سیریز اسپیشل او پی ایس میں کام کر چکی ہیں، تاہم انہیں اصل شہرت بگ باس 6 میں شرکت کے بعد ملی۔ کیریئر کے عروج پر کورونا وبا کے دوران بالی ووڈ چھوڑنے کے فیصلے نے مداحوں اور فلمی دنیا کو حیران کر دیا تھا۔

