بھارت: مندر میں دھماکا، 150 افراد جھلس گئے کئی کی حالت نازک

بھارت کی ریاست کیرالہ میں مندر میں آتشزدگی کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہوگئے کئی لوگوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ کیرالہ کے کاسرگور علاقے میں نلیشورم کے قریب ایک مندر میں پیر کی شب پیش آیا جب آتش بازی اسٹوریج میں دھماکا ہوا۔ دھماکے کے وقت مندر اور اطراف میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ، سیکیورٹی حکام اور ریسکیو ادارے جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو کاسرگوڑ، کنور اور منگلورو کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔پولیس نے بتایا کہ انجوتامبلم ویراکابو مندر میں سالانہ کلیاٹم اُتسو منایا جا رہا تھا۔ پروگرام کے لیے آتش بازی کا سامان منگوایا گیا تھا اوار اس کو ایک گودام میں رکھا گیا تھا جس مین اچانک دھماکا ہوا اور یہ واقعہ رونما ہو گیا۔ حادثے کے بعد دو روزہ فیسٹیول کے باقی پروگرام منسوخ کر دیے گئے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ جھلس کر زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 150 سے زائد ہے، جن میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔ زخمیوں میں سے کئی افراد کی حالت نازک ہے۔نیلیشورم پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے اور مندر کے سکریٹری اور صدر سمیت تمام عہدیداروں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ آتش بازی بغیر اجازت کے کی گئی اور اس دوران حفاظتی اقدامات پر عمل نہیں کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں