بھارت:اپوزیشن جماعت کانگریس کی خاتون رہنما کی سوٹ کیس سے لاش برآمد

بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر سمپلا میں سوٹ کیس سے اپوزیشن جماعت کانگریس کی خاتون رہنما ہمانی نروال کی لاش برآمد ہوئی ہمانی نروال کوگلہ دباکرقتل کیاگیا ہے.انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہمانی نروال بھارت جوڑو یاترا کے دوران رہنما راہل گاندھی کے ساتھ دیکھی گئی تھیں، کانگریس ایم ایل اے بھارت بھوشن بترا نے اسپیشل تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دے کر معاملے کی انکوائری کا مطالبہ کیا۔

بھارت بھوشن بترا نے پولیس پر زور دیا کہ وہ اس قتل کی تحقیقات کیلئےایک خصوصی ٹیم تشکیل دے اور مجرم کو جلد از جلد گرفتار کرے۔ہمانی نروال کانگریس کی سرگرم رہنما تھیں جنہوں نے راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جبکہ سابق وزیر اعلیٰ بھوپیندر سنگھ ہڈا اور دیپیندر سنگھ ہڈا کی انتخابی مہموں میں بھی کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

جمعے کی صبح سمپلا میں ایک پُل کے قریب سے سوٹ کیس سے خاتون کی لاش ملی جس کے ہاتھوں پر مہندی لگی ہوئی تھی، لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجا گیا جس میں پتا چلا کہ یہ ہمانی نروال ہے۔

ہمانی نروال کانگریس کی کارکن تھیں۔ وہ سونی پت کے کتھورا گاؤں کی رہنے والی تھیں۔ وہ یوتھ کانگریس روہتک دیہی کی ضلع نائب صدر بھی تھیں۔ ان کا شمار کانگریس کے ایک دلیر، باخبر اور سرگرم کارکن کے طور پر کیا جاتا تھا۔ بھارت جوڑو یاترا ہو یا کانگریس کی کوئی اور مہم، ہمانی نے ہر ذمہ داری کو بخوبی نبھایا۔ انہوں نے قانون کی تعلیم حاصل کی تھی اور روہتک میں کرائے پر رہتی تھیں۔

بھارت بھوشن بترا نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قتل کی تحقیقات فوری طور پر ایس آئی ٹی سے کرائی جائے۔انہوں نے ہریانہ میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ایسے گھناؤنے جرائم کو روکنے کیلئےمجرموں میں خوف پیدا کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ لکھیں