بھارت چیمپئنز ٹرافی کہاں کھیلنے پر رضامند، انڈین میڈیا کا دعویٰ

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بلیو شرٹس چیمپئنز ٹرافی 2025 کھیلنے پاکستان نہیں جائیں گے۔

پاکستان آئندہ سال فروری مارچ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کا میزبان ملک اور دفاعی چیمپئن ہے۔ اس شوکیس ایونٹ میں 8 ٹیمیں شرکت کریں گے۔ بھارت کے علاوہ تمام ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں شرکت کی یقین دہانی کرا چکی ہیں۔

تاہم بھارتی میڈیا نے اب پھر پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے کہ انڈین ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں جائے گی بلکہ وہ اپنے میچز نیوٹرال وینیو پر کھیلے گی۔

اس حوالے سے انڈین میڈیا دعویٰ کر رہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے چیمپئنز ٹرافی کے وینیوز تبدیل کرنے کی درخواست کر دی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی بورڈ نے آئی سی سی پر اپنے میچز دبئی یا سری لنکا میں کرانے پر زور دینا شروع کر دیا ہے۔

ادھر پی سی بی گورننگ بورڈ میٹنگ میں بورڈ حکام نے واضح کر دیا ہے کہ کوئی نیوٹرل وینیو نہیں ہوگا۔ چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچز پاکستان میں ہی ہوں گے۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئز ٹرافی کا ابتدائی شیڈول گزشتہ ماہ آئی سی سی کو بھیج چکا ہے۔ اس شیڈول میں پاکستان کے تمام میچز لاہور میں رکھے گئے ہیں۔

ٹورنامنٹ میں پاک بھارت ٹاکرا یکم مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان گزشتہ سال ایشیا کپ کا بھی میزبان تھا تاہم بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی اور پاکستان نہ آنے کی غیر معقول ضد کی وجہ سے یہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان کے ساتھ سری لنکا میں بھی کھیلا گیا تھا۔

اس ہائبرڈ ماڈل کا فائدہ صرف بھارت کو ہوا تھا جس نے ٹورنامنٹ کے تمام میچز ایک ہی ملک میں کھیلے جب کہ میزبان پاکستان سمیت دیگر ٹیمیں جن میں بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان اور نیپال شامل تھیں میچز کھیلنے کے لیے شٹل کاک بن کر سری لنکا سے پاکستان اور پاکستان سے سری لنکا پرواز کرتی رہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں