نئی دہلی(نامہ نگار)بھارتی سیکریٹری خارجہ نے یہ اعلان بھی کیا کہ اٹاری سرحدی چیک پوسٹ (واہگہ بارڈر) بھی فوری طور پر بند کر دی جائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے درست تصدیق کے ساتھ اسے پار کیا تھا، وہ یکم مئی 2025 سے پہلے اس راستے سے واپس آ سکتے ہیں۔
بھارتی سیکریٹری خارجہ کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پاکستانی شہریوں کو سارک ویزا استثنیٰ اسکیم کے تحت بھارت جانے کی اجازت نہیں دی جائیگی، انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں جاری کیے گئے ایسے تمام ویزوں کو منسوخ تصور کیا جاتا ہے اور بھات میں موجود کسی بھی پاکستانی کو ملک چھوڑنے کیلئے48 گھنٹے کا وقت دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں دفاعی، فوجی، بحری اور فضائی مشیروں کو برداشت نہیں کیا جائے گا ان کے پاس بھارت چھوڑنے کیلئے ایک ہفتہ ہے۔
بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن سے اپنے دفاعی، بحریہ اور فضائی مشیروں کو واپس بلائیگا، انہوں نے مزید کہا کہ پوسٹوں کو کالعدم تصور کیا جائیگا اور معاون عملے کو بھی واپس بلایا جائیگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہائی کمیشن میں مجموعی تعداد کو موجودہ 55 سے کم کر کے 30 کر دیا جائیگا جبکہ مزید تنزلی یکم مئی تک کی جائیگی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کیبنٹ کمیٹی برائے سیکیورٹی نے مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور تمام فورسز کو ہدایت دی ہے کہ نگرانی کی اعلیٰ سطح کو برقرار رکھیں۔اس نے فیصلہ کیا کہ اس حملے کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔

