واشنگٹن(نمائندہ خصوصی)وائٹ ہاؤس نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس بارے میں بریفنگ دی گئی ہے، جسے وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے ’وحشیانہ دہشت گردی کا حملہ‘ قرار دیا۔

بھارتی وزارت خارجہ نے بتایا تھا کہ ٹرمپ نے مودی کو فون کیا اور ’اس گھناؤنے حملے کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے بھارت کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
گزشتہ روز بھی اپنے پیغام میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ بھارت کو امریکا کی ’مکمل حمایت‘ حاصل ہے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں تعزیت پیش کرتے ہوئے اسے ’خوفناک حملہ‘ قرار دیا۔
ادھر، نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے ترجمان نے کہا کہ وہ اس حملے کی مذمت کرتے ہیں۔اسی طرح چینی وزارت خارجہ نے ’مخلصانہ ہمدردی‘ کی پیشکش کی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے کہا کہ ہم متاثرین کے لیے سوگوار ہیں اور متاثرین اور زخمیوں کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں،چین اس حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔
یورپی یونین کی سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین نے کہا کہ یورپ آپ کے ساتھ کھڑا رہے گا۔اس حملے کی مذمت کرنے والے دیگر غیر ملکی رہنماؤں میں سری لنکا، متحدہ عرب امارات، ایران اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔

