بھارت کیخلاف میچ کا بائیکاٹ، سری لنکا کرکٹ کی پی سی بی سے نظرثانی کی درخواست

کراچی (سری لنکن میڈیا، پی سی بی)سری لنکا کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ پر نظرثانی کی درخواست کر دی ہے۔ سری لنکن میڈیا کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے پی سی بی کو خط لکھ کر کہا کہ پاکستان کے بائیکاٹ کے اعلان سے سری لنکا کی ٹورازم انڈسٹری متاثر ہوئی اور بڑی تعداد میں فینز نے ہوٹل کی بکنگ منسوخ کر دی۔

خط میں کہا گیا کہ پاک بھارت میچ کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں، ٹکٹس کی فروخت مکمل ہو چکی ہے اور ٹکٹس کی ڈیمانڈ سب سے زیادہ ہے۔ سری لنکا کرکٹ نے یاد دلایا کہ مشکل حالات اور سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود سری لنکن ٹیم نے پاکستان کے دورے کیے، اور اب وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

سری لنکا کرکٹ نے یقین دہانی کروائی کہ تمام میچز میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق دیگر کرکٹ بورڈز نے بھی پاکستان کو بائیکاٹ نہ کرنے اور فیصلے پر نظرثانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔