بھارت: ہسپتال کی غفلت سے نومولود جاں بحق،باپ لاش لے کر عدالت پہنچ گیا

اترپردیش(نیٹ نیوز)بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں ایک نجی اسپتال کی مبینہ غفلت سے نومولود بچی جاں بحق ہوگئی۔ واقعے کے بعد بچی کے والد وپین گپتا اپنی بیٹی کی لاش بیگ میں رکھ کر مقامی عدالت پہنچ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ والد نے الزام عائد کیا کہ اسپتال انتظامیہ نے بار بار فیس بڑھائی اور ڈلیوری میں تاخیر کی، جس کے نتیجے میں نومولود کی جان چلی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتال نے پہلے نارمل ڈلیوری کے لیے 10 ہزار اور آپریشن کے لیے 12 ہزار بھارتی روپے مانگے، تاہم بعد میں بار بار مزید رقم کا مطالبہ کیا جاتا رہا۔

وپین گپتا نے مزید بتایا کہ انہوں نے رات ڈھائی بجے تک مطلوبہ رقم اکٹھی کرلی تھی اور اسپتال انتظامیہ سے کہا کہ اگر وہ آپریشن نہیں کرسکتے تو وہ اپنی اہلیہ کو کسی اور اسپتال منتقل کر دیں، لیکن اسپتال والوں نے علاج شروع کرنے سے پہلے پورے پیسے جمع کرانے پر اصرار کیا۔

ان کے مطابق، نومولود کی موت کے بعد اسپتال عملے نے ان کی اہلیہ کو بھی سڑک پر چھوڑ دیا، جس پر وہ اپنی بیوی کو دوسرے سرجن کے پاس لے گئے اور مردہ بچی کو بیگ میں رکھ کر ضلعی مجسٹریٹ کے پاس پہنچ گئے۔

ضلعی مجسٹریٹ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر اسپتال کو سیل کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ اسپتال میں موجود مریضوں کو دوسرے اسپتال منتقل کیا جائے۔ادھر متاثرہ خاندان نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں