اکشے کمار کی بھانجی سمر بھاٹیا بالی ووڈ میں انٹری دینے کیلئے تیار ہیں، وہ سری رام راگھون کی فلم ’اکیس‘ سے اپنے فلمی کیریئر کی شروعات کرنے والی ہیں۔
بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے اپنی بھانجی سمر بھاٹیا کے بالی ووڈ ڈیبیو پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ سمر، اکشے کی بہن الکا کی بیٹی ہیں اور وہ جلد ہی سری رام راگھون کی فلم میں نظر آئیں گی۔ اکشے نے پیر کے روز انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں ایک اخبار کی تصویر شامل تھی، جس پر سمر کی تصویر نمایاں تھی۔
اس پوسٹ کے ساتھ اکشے نے جذباتی نوٹ لکھا، ’مجھے یاد ہے جب میں نے پہلی بار اپنی تصویر اخبار کے سرورق پر دیکھی تھی، تب مجھے لگا کہ یہی سب سے بڑی خوشی ہے لیکن آج مجھے معلوم ہوا ہے کہ اپنے بچے کی تصویر یہاں دیکھنے کی خوشی سب سے بڑھ کر ہے۔‘انہوں نے مزید کہا، ’کاش میری ماں آج یہاں ہوتیں اور وہ کہتیں ’سمر پتر، تُو تو کمال ہے۔‘
اس پوسٹ پر اداکارہ رکول سنگھ نے دل والے ایموجیز کے ساتھ ردعمل دیا، جبکہ ہما قریشی نے تبصرہ کرتے ہوئے ’سم سم‘ تحریر کیا۔فلم کی ہدایتکاری سری رام راگھون کر رہے ہیں اور اس میں دھرمندر اور جیدیپ اہلاوت بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم اکیس مدھوک فلمز کے بینر تلے بن رہی ہے اور 2025 میں ریلیز ہوگی۔