بھارتی بھتہ خور سوکیش چندر شیکھر نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مشورے پر اپنی محبوبہ بھارتی اداکارہ جیکولین فرنینڈس کیلئےلاس اینجلس میں اسٹوڈیو خرید لیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سوکیش چندر شیکھر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو حالیہ صدارتی انتخابات میں کامیاب ہونے پر مبارک باد دینے کے لیے ایک خط لکھا ہے۔
اس نے اپنے خط میں ڈونلڈ ٹرمپ کو بڑا بھائی کہہ کر مخاطب کیا ہے۔سوکیش چندر شیکھر نے خط میں لکھا ہے کہ مجھے یاد ہے کہ ایک دہائی قبل ہماری آخری ملاقات کے دوران آپ نے مجھے ایک مشورہ دیا تھا کہ یا تو دنیا کو اسی طرح سے قبول کر لو جیسی وہ ہے یا پھر اسے اپنے اس نظریے سے دیکھو جسا تم اسے دیکھنا چاہتے ہو۔
اس نے لکھا کہ آپ کے وہ الفاظ آج ایک بار پھر میرے کانوں میں گونج رہے ہیں۔سوکیش چندر شیکھر نے لکھا کہ بھائی، ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کرنے کیلئے میں آپ کا شکر گزار ہوں۔اس نے مزید لکھا کہ میری کمپنی ایل ایس ہولڈنگز اگلے 2 سال تک امریکا میں اپنی سرمایہ کاری کو 500 ملین ڈالرز تک بڑھا دے گی۔
سوکیش چندر شیکھر نے لکھا کہ مجھے آپ کی ایک اور نصیحت بھی یاد ہے کہ اپنی زندگی میں موجود خواتین سے ہمیشہ عزت کے ساتھ پیش آئیں اور انہیں یہ احساس دلائیں کہ وہ آپ کیلئے بہت خاص ہیں۔اس نے مزید لکھا کہ اس لیے میں اپنی محبوبہ جیکولین فرنینڈس کیلئے لاس اینجلس میں شوز اور فلمیں بنانے والے ایک بڑے اسٹوڈیو میں 135 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کر رہا ہوں۔