بہت ہوگیا، مشعال یوسفزئی کیخلاف ایکشن لیں گے:بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بہت ہوگیا، مشعال یوسفزئی کے خلاف ایکشن لیا جائے گا، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور فیملی کے خلاف کسی قسم کی زبان برداشت نہیں کی جائے گی۔

خیبر پختونخوا ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج ملک و قوم کی بہتری اور بانی پی ٹی آئی کی صحت پر بات ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں یا خاندان کے خلاف اگر کوئی جملے کسے گا تو پارٹی میں اس کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی، ایسے شخص کو پارٹی میں نہیں رہنے دیا جائے گا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اتنی بڑی سیاسی جماعت میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں، ایک سیاسی ورکر کو اختلاف کا حق ہے، مگر بانی پی ٹی آئی کی فیملی کے خلاف بولنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا پورے ملک میں جملے کسنے کیلئےبانی پی ٹی آئی کے خاندان کے سوا کوئی اور نہیں ملا؟

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے مشعال یوسفزئی کے بیانات پر ایکشن لینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ مشعال یوسفزئی نے سوشل میڈیا پر بیان دیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے علیمہ خان کو میڈیا پر سیاست سے پر گفتگو سے منع کر رکھا ہے اور علیمہ خان کی سوشل میڈیا پر گردش کرنیوالی ویڈیو کو انہوں نے اے آئی جنریٹڈ قرار دیتے ہوئے اس پر تبصرہ کرنے کو وقت کا ضیاع کہا تھا۔