اسلام آباد: بیرون ملک سے کمرشل مقدار میں اشیا ساتھ لانے پر مکمل پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا، کوئی بھی شخص ذاتی استعمال کیلئے ایک فون لاسکےگا۔
بیرون ملک سے بڑی مقدار میں چیزیں بیچنے کیلئےلانے والوں کیلئے گھیرا تنگ کردیا گیا، اب غیرممالک جانے والے خواتین و حضرات کمرشل مقدار میں اشیا نہیں لاسکیں گے، ایف بی آرنے بیگیج اسکیم میں ترمیم سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ایف بی آر کے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ بیرون ملک سے ذاتی استعمال کیلئے ایک موبائل فون لانے کی اجازت ہوگی، اب 1200 ڈالرز سے زائد مالیت کی اشیا کمرشل تجارت تصور ہوگی
ایک موبائل فون کے سوا تمام موبائل فون ضبط کیلئے جائیں گے، اضافی اشیا ڈیوٹی، ٹیکس، جرمانہ ادا کرنے کے باوجود بھی کلیئر نہیں ہونگی، بیگج رولز 2006 میں مزید ترامیم سے متعلق مسودہ جاری کردیا گیا۔
ایف بی آر نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ قوانین میں ترامیم سے متعلق 7 روز میں سفارشات دی جاسکتی ہیں، مقررہ معیاد کے بعد موصول تجاویز و آرا قابل قبول نہیں ہونگی۔