لندن(سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس ایشیز سیریز میں شکست کے بعد اپنے کھلاڑیوں کے دفاع میں سامنے آ گئے اور جذباتی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق بین اسٹوکس نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کھلاڑیوں کی مینٹل ہیلتھ ان کی سب سے بڑی ترجیح ہے اور جو رپورٹس اور باتیں گردش کر رہی ہیں، ان سب میں ان کی سب سے بڑی فکر ان کے کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کو کس طرح سنبھالنا ہے یہ ان کے لیے اہم ہے اور ٹیم میں شامل ہر فرد، خاص طور پر چند کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اس وقت ان کی اولین ترجیح ہے۔
بین اسٹوکس کا کہنا تھا کہ انہیں ذاتی تجربے سے علم ہے کہ ایسے معاملات لوگوں کو کس طرح متاثر کرتے ہیں اور بطور انگلینڈ کپتان ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو ہر ممکن حد تک تحفظ فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے کھلاڑیوں کا دفاع کریں گے کیونکہ سیریز ہارنے کے بعد ہر بات اور ہر عمل کی کڑی جانچ ہوتی ہے، اور بڑی سیریز میں تین میچ ہارنے کے بعد اپنے دفاع میں کہنے کو واقعی کچھ نہیں بچتا۔
واضح رہے کہ ایشیز سیریز میں شکست اور نوسا میں پارٹی کے بعد انگلینڈ ٹیم شدید تنقید کی زد میں ہے، جبکہ کھلاڑی بین ڈکٹ کی مبینہ شراب نوشی کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ بھی حرکت میں آ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انگلینڈ کرکٹ کے ٹیم ڈائریکٹر راب کی نے نوسا میں مبینہ شراب نوشی کے معاملے پر تحقیقات کا وعدہ کیا ہے۔

