ڈھاکا( نمائندہ خصوصی)بنگلہ دیش میں ایک حیران کن واقعے میں ماں نے اپنے شادی شدہ بیٹے کو مبینہ گرل فرینڈ کے ساتھ نیپال جانے سے روکنے کیلئےڈھاکا سے کھٹمنڈو جانے والی پرواز میں بم کی جھوٹی اطلاع دے دی، جس کے نتیجے میں پرواز تین گھنٹے تک روکی گئی اور سیکیورٹی اداروں کو ہنگامی کارروائی کرنا پڑی۔
بیٹے کو گرل فرینڈ کے ہمراہ بیرون ملک روانہ ہونے سے روکنے کیلئے ماں نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو بم کی جھوٹی اطلاع دے دی۔ واقعے کے بعد ریپڈ ایکشن بٹالین (RAB) نے 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اطلاع بیٹے کی ماں نے دی تھی۔
ڈھاکا ٹریبیون کے مطابق، ریپڈ ایکشن بٹالین (RAB) کے ڈائریکٹر جنرل شاہد الرحمٰن نے ہفتے کے روز ایک پریس کانفرنس میں اس افسوسناک واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جمعہ کی دوپہر ایک نامعلوم کال موصول ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ بِیمن بنگلہ دیش ایئرلائنز کی ڈھاکا سے کھٹمنڈو جانے والی پرواز میں بم موجود ہے۔
اس اطلاع کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرول نے پرواز کو فوری طور پر روک دیا اور سیکیورٹی اداروں نے تین سے چار گھنٹے تک طیارے کی مکمل تلاشی لی، تاہم کوئی دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔ڈی جی RAB نے کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف ایئرلائن بلکہ ملک کی ساکھ کیلئے بھی نقصان دہ ہے، کیونکہ ماضی میں بھی بم کی جھوٹی اطلاعات دی جاتی رہی ہیں، جو بے بنیاد ثابت ہوئیں۔
تحقیقات کے بعد انکشاف ہوا کہ “ایمان” نامی ایک شخص اس پرواز کے ذریعے اپنی گرل فرینڈ کے ہمراہ نیپال روانہ ہو رہا تھا۔ جب ایمان کی بیوی اور والدہ کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے اُسے روکنے کی کوشش کی، تاہم ناکامی پر ایمان کے ایک دوست “عمران” نے یہ مشورہ دیا کہ اگر ایئر ٹریفک کنٹرول کو بم کی اطلاع دی جائے تو پرواز منسوخ ہو سکتی ہے۔
اسی مشورے پر عمل کرتے ہوئے ایمان کی ماں نے خود ایئر ٹریفک کنٹرول کو جھوٹی کال کی، جس کے نتیجے میں فوری طور پر سیکیورٹی الرٹ جاری ہوا۔RAB نے بتایا کہ واقعے کی رات بھر تفتیش جاری رہی اور تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں ایمان، اُس کی والدہ، اور دوست عمران شامل ہیں۔ سیکیورٹی ادارے مزید قانونی کارروائی اور مقدمے کی تیاری میں مصروف ہیں۔

