تائی پے(ایجنسیاں)تائیوان کے شمال مشرقی ساحل کے قریب 7 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے جھٹکے دارالحکومت تائی پے سمیت مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے، تاہم سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلے کے باعث عمارتیں لرز گئیں، فانوس ہلتے دکھائی دیے اور شہریوں نے فرش کے نیچے گونج محسوس کی، تاہم فوری طور پر کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
تائیوانی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زلزلہ یلان کاؤنٹی کے ساحل سے تقریباً 30 کلومیٹر دور آیا، اس کی گہرائی 73 کلومیٹر تھی اور شدت انٹینسٹی فور ریکارڈ کی گئی، جو معمولی ساختی نقصان کے امکان کی نشاندہی کرتی ہے۔
حکام کے مطابق یلان میں زلزلے کے بعد 3 ہزار سے زائد گھروں کی بجلی عارضی طور پر منقطع ہوئی، جسے چند گھنٹوں میں بحال کر دیا گیا، جبکہ فائر ڈیپارٹمنٹ نے تصدیق کی ہے کہ ملک بھر میں کسی بڑے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

