تجارت جنگوں کے خاتمے کا بہترین ذریعہ ہے: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(نمائندہ خصوصی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تجارت دنیا میں جنگوں کے خاتمے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے وائٹ ہاؤس میں نیٹو چیف مارک روٹے سے ملاقات کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امریکہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری جنگ کو روکا۔ ساتھ ہی انہوں نے یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے روس پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کا عندیہ بھی دیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو وائٹ ہاؤس میں نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ”ہم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوائی، دونوں ممالک تیزی سے جوہری جنگ کی طرف جا رہے تھے۔”

صدر ٹرمپ نے کہا کہ تجارت جنگوں کو روکنے کا بہترین ذریعہ ہے اور ان کی انتظامیہ عالمی سطح پر اقتصادی استحکام کو فروغ دینے کیلئےتجارتی معاہدوں پر بات چیت کیلئےتیار ہے۔انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ یورپی یونین سے تجارتی ٹیکسوں میں اضافے سے متعلق معاملات پر گفت و شنید جاری ہے۔ ان کے بقول”یورپی یونین کے حکام بات چیت کیلئےآ رہے ہیں، اور ہم ایک بہتر حل تلاش کرنے کیلئےپرعزم ہیں۔”

یوکرین جنگ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جنگ بند نہ ہوئی تو”ہم 50 روز کے اندر روس پر سخت تجارتی ٹیرف (محصولات) عائد کریں گے۔”انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ یوکرین تنازع کے پُرامن حل کا خواہاں ہے، اور اگر سفارتی معاہدہ نہ ہو سکا تو اقتصادی پابندیاں روس پر دباؤ ڈالنے کا مؤثر ہتھیار ثابت ہوں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں