برمنگھم (نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) برمنگھم کے کارکنان نے بانی تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کے مطالبے کے سلسلے میں ایک پرجوش کار ریلی نکالی۔ریلی شیکسپئر اسٹریٹ سے شروع ہو کر برمنگھم کی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی نیچلز پارک وے پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء نے عمران خان کی رہائی کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔
کار ریلی کا آغاز شیکسپئر اسٹریٹ برمنگھم سے ہوا، جس میں بڑی تعداد میں تحریک انصاف کے کارکنان اپنی گاڑیوں کے ہمراہ شریک ہوئے۔ ریلی نے شہر کی مختلف مرکزی شاہراہوں کا چکر لگایا اور عوامی توجہ کا مرکز بنی رہی۔
شرکاء نے عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر مبنی بینرز، پوسٹرز اور جھنڈے تھام رکھے تھے، جب کہ گاڑیوں پر بھی عمران خان کی تصاویر آویزاں تھیں۔ ریلی کے دوران شرکاء “عمران خان کو رہا کرو” اور “عوام کا لیڈر عمران خان” جیسے نعروں سے فضا کو گونجا رہے تھے۔
ریلی کا اختتام نیچلز پارک وے پر ہوا جہاں کارکنان نے مختصر قیام کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان کے عوام کی امید ہیں اور اُن کی رہائی ہی ملکی استحکام کا راستہ ہے۔تحریک انصاف برمنگھم کے کارکنان کا کہنا تھا کہ ان کا احتجاج پرامن اور جمہوری حق ہے، اور جب تک بانی تحریک انصاف کو رہا نہیں کیا جاتا، احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

