تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو دل کی تکلیف، پی آئی سی لاہور منتقل

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دل کی تکلیف کے باعث کوٹ لکھپت جیل لاہور سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کی طبیعت نماز فجر کے بعد اچانک بگڑ گئی جس پر جیل میں موجود میڈیکل ٹیم نے فوری معائنہ کیا اور دل کی ممکنہ تکلیف کے پیش نظر انہیں اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی۔ جیل حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو 1122 کے ذریعے انہیں پی آئی سی منتقل کیا۔

پی ٹی آئی رہنما کے وکیل رانا مدثر ایڈووکیٹ نے تصدیق کی کہ شاہ محمود قریشی کی مختلف میڈیکل ٹیسٹ جاری ہیں۔ ان کی حالت مستحکم ہے تاہم حتمی معلومات ڈاکٹرز کی رپورٹ آنے کے بعد فراہم کی جائیں گی۔

پی آئی سی انتظامیہ کے مطابق شاہ محمود قریشی کا ای سی جی، بلڈ پریشر، اور دیگر تشخیصی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ جیل انتظامیہ کی جانب سے ان کے اہلِ خانہ کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔

شاہ محمود قریشی 9 مئی 2023 کے مختلف مقدمات میں زیر حراست ہیں۔ وہ القادر ٹرسٹ کیس اور دیگر کیسز کے تحت قانونی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں اور عدالتوں میں متعدد درخواستیں زیر التواء ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف نےسینئر رہنما کی صحتیابی کیلئے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات سے قطع نظر، انسانی بنیادوں پر ان کیلئےبہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں