تحریک لبیک نے احتجاج کیلئےاجازت نہیں لی: طلال چوہدری

اسلام آباد(نامہ نگار) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتہاپسندانہ اور منفی سیاست کی کوئی جگہ نہیں، اور تحریک لبیک پاکستان (TLP) نے احتجاج کیلئے حکومت سے اجازت حاصل نہیں کی۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے فلسطین کے مقدمے کو تمام فورمز پر بے خوفی اور جرات کے ساتھ اجاگر کیا اور عملی طور پر امدادی اقدامات میں بھی حصہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی صدر کی کال پر غزہ کے مسئلے کے حل کیلئےبلائے گئے 8 مسلم ممالک میں پاکستان بھی شامل تھا اور 20 نکاتی امن معاہدے میں پاکستان کی رائے شامل تھی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ غزہ کو امن چاہیے، بیان بازی نہیں، اور وفاقی حکومت ہمیشہ سے پرامن مارچ اور احتجاج کی اجازت دیتی رہی ہے۔جماعت اسلامی نے غزہ اور فلسطین کیلئےبڑا پروگرام کیا، جس کی اجازت لی گئی اور ایس او پیز پورے کیے گئے جبکہ TLP نے نہ اجازت مانگی اور نہ ایس او پیز کی یقین دہانی کرائی۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ TLP کے سربراہ اشتعال انگیز تقاریر کرتے ہیں اور گرفتار احتجاج کنندگان کے قبضے سے شیشے کی گولیاں، نمک، نقصان دہ کیمیکل، ڈنڈے، فیس ماسک، آنسو گیس کے گولے اور گنز بھی برآمد ہوئے ہیں، جو پرامن احتجاج نہیں کہا جا سکتا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ غزہ کو بہانہ بنا کر پاکستان میں فساد پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ ریاست اور حکومت کے تمام ادارے متفق ہیں کہ مذہب کے نام پر منفی سیاست اور ملک و دین کے مفاد کو نقصان پہنچانے والوں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان نے 10 اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں