تربیت یافتہ ایک کتے کی قیمت ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر یعنی4 کروڑ پاکستانی روپے سے زیادہ

امریکی ریاست مونٹانا میں ایک کمپنی نے سیکیورٹی کیلئے چند کتوں کو تربیت دی ہے، تربیت یافتہ ایک کتے کی قیمت ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر (4 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) ہے۔
آپ نے اکثر سیکیورٹی کیلئے گھروں کی اونچی دیواریں، جدید ٹیکنالوجی سیکیورٹی سسٹم اور محافظوں کو دیکھا ہوگا، مگر امریکا کی ایک کمپنی نے ان صلاحیتوں کے حامل چند کتوں کو تیار کیا ہے۔

ملٹری گریڈ نامی ان کتوں کی خاصیت یہ ہے کہ یہ خطرے کو فوری طور پر بھانپنے کے بعد اس سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ ایک عام پالتو کتے کی طرح پیار کرنا اور گرمجوشی دکھانا بھی جانتا ہے۔
کمپنی نے ان کتے کو گھروں کی حفاظت اور پرسنل باڈی گارڈ رکھنے کیلئے تیار کیا ہے، جو کہ جرمن شیفرڈ ، ڈچ شیفرڈ اور بیلجیئن نسل کی کتوں کو ملاکر تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق وہ ایک سال میں 20 سے زیادہ کتے فروخت نہیں کرتے اور پوری دنیا میں یہ صرف 350 کی تعداد میں موجود ہیں، اور انہیں 3 سال کی خصوصی تربیت دی گئی ہے، جبکہ ممکنہ خریدار کو اسے لینے کیلئے کمپنی کی شرائط پر پورا اترنا پڑتا ہے۔
کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ اس کتے کو خریدنے سے پہلے خریدار کو مختلف مراحل طے کرنا پڑتے ہیں جن میں اس کی ملاقات کتے سے کروائی جاتی ہے، جس کے بعد اسے اپنے ساتھ لے جانے سے پہلے مالک تھوڑا وقت کتے کے ساتھ گزار کر اسے جاننے اور سمجھنے کی کوشش کرتا ہے اس پورے عمل کے بعد کتے کو مالک کے حوالے کیا جاتا ہے۔
مالک کی جانب سے سودا کیے جانے کے بعد بھی کمپنی کا ایک نمائندہ 45 دنوں میں ان کے پاس جاتا ہے اور جا کر چیک کرتا ہے کہ آیا انہوں نے کتے کی تربیت کو برقرار رکھا ہوا ہے یا پھر اسے بری عادتوں میں مبتلا کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں