استنبول (عرب میڈیا) ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ ترکیہ ایران کے خلاف کسی بھی فوجی مداخلت کی مخالفت کرتا ہے اور امید ہے کہ ایران کے اندرونی مسائل بیرونی مداخلت کے بغیر ایرانی عوام پرامن طریقے سے حل کرلیں گے۔
ایرانی ہم منصب عباس عراقچی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں حاقان فیدان کا کہنا تھا کہ اسرائیل امریکا کو ایران پر حملے کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جس سے خطے کے استحکام کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، امید ہے امریکی انتظامیہ عقلمندی سے کام لے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو خطے میں عدم استحکام کی پالیسیوں کا خاتمہ کرنا چاہیے۔
اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ترک قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے اور اس کا جوہری پروگرام پرامن ہے، تاہم اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا کی براہِ راست جنگ میں شمولیت سے صورتحال مزید تبدیل ہو سکتی ہے۔

