ترکیہ میں کرسمس اور نئے سال پر دہشت گرد حملوں کا منصوبہ ناکام

استنبول(ایجنسیاں)ترکیہ میں کرسمس اور نئے سال کے موقع پر ممکنہ دہشت گرد حملوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ ترک حکام نے استنبول میں 124 مقامات پر سکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی کے دوران شدت پسند گروپ داعش کے 115 مشتبہ ارکان کو گرفتار کیا ہے جن کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی کے شبہات تھے۔

استنبول کے چیف پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے بتایا کہ انٹیلی جنس اطلاعات کے بعد یہ کارروائی شروع کی گئی جس میں مبینہ طور پر غیر مسلم افراد کے خلاف کرسمس اور نئے سال کی تقریبات کے موقع پر حملوں کی تیاری شامل تھی۔ گرفتار افراد کے ساتھ بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور تنظیمی دستاویزات بھی برآمد ہوئیں جبکہ مزید 22 مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی سیکیورٹی خطرات کو بروقت ناکام بنانے اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئےکی گئی اور ترک حکام نے عوام کو تہوار کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔