چیمپئنز ٹرافی کیلئے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا افتتاح کر دیا گیا۔افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے علاوہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، میئر کراچی مرتضٰی وہاب اور وزیر کھیل سندھ و دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔

کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلئےجدید معیار کے ڈریسنگ روم، ہاسپٹیلٹی باکسز تعمیر کیے گئے ہیںِ اسی طرح نیشنل اسٹیڈیم میں نشریاتی معیار کی بہتری کیلئے350 ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں۔اسی طرح نیشنل اسٹیڈیم میں 2 ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز اور 5 ہزار سے زائد نئی کرسیوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسٹیڈیم کا افتتاح کیا، انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو نیشنل اسٹیڈیم کی ریکارڈ مدت میں تعمیر نو پر مبارکباد دی۔اس موقع پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کراچی میں کھیلوں کی بھرپور سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے، 2018 میں نیشنل اسٹیڈیم کو حکومت سندھ نے اپ گریڈ کیا تھا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل کیلئےتمام سہولیات فراہم کی گئی تھیں، کراچی والے کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، حکومت بھرپور سہولیات فراہم کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن فائٹنگ گیم ہونا چاہیے۔افتتاح کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی پہنچ گئی، اس اسٹیڈیم کو 4 ماہ سے کم مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔اسٹیڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

