تل ابیب: اسرائیلی فوج کے میجر پر قدامت پسند یہودیوں نے حملہ کر دیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میجر جنرل زینی اسرائیلی فوج کی ٹریننگ کمانڈ اور جنرل اسٹاف کور کے سربراہ ہیں، جب وہ تل ابیب میں اپنے معاون کے ساتھ ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے پہنچے تو یہودیوں نے ان پر حملہ کر دیا۔
تاہم اس موقع پر پولیس نے دونوں افسران کو مشتعل ہجوم سے بچا لیا، اور تین مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا، اسرائیلی میڈیا کے مطابق میجر جنرل ڈیوڈ زینی نے اسرائیلی فوج میں قدامت پسند حریدی یہودیوں کو شامل کرنے پر زور دیا تھا۔اسرائیل میں تمام شہریوں کو فوج میں کچھ عرصہ گزارنا ہوتا ہے، مگر حریدی یہودیوں کو اس سے استثنیٰ حاصل ہے، یہ گروپ فوج میں شمولیت کے خلاف بھی ہے۔
دوسری طرف اسرائیل کے جنگی جنون میں کمی نہیں آ سکی ہے، غزہ میں مسلسل حملے جاری ہیں، چوبیس گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری میں 21 فلسطینی شہید ہو گئے۔ زیتون میں صہیونی فورسز نے مسجد پر بمباری کی، جس میں متعدد فلسطینی شہید ہوئے۔ ریمل میں رہائشی عمارت پر بمباری میں تین فلسطینیوں نے جام شہادت نوش کیا۔ شجاعیہ میں حملے میں چار جب کہ بریج کیمپ پر اسرائیلی بمباری میں پانچ فلسطینی شہید ہوئے۔
اسرائیل نے یمن میں حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں بھی شدید بمباری کی، جس میں پاور اسٹیشن اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، حملوں میں ایک ہلاک اور سولہ زخمی ہوئے۔