تل ابیب/ہارجوبا(ایجنسیاں)اسرائیل نے صومالی لینڈ کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر سرکاری طور پر تسلیم کر لیا، جس کے ساتھ ہی اسرائیل صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔ اس موقع پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو، وزیر خارجہ اور صومالی لینڈ کے صدر نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے۔
صومالی لینڈ کئی دہائیوں سے اپنی آزادی کا دعویٰ کرتا رہا ہے، لیکن عالمی برادری کی اکثریت نے اسے تسلیم نہیں کیا۔ تاہم، برطانیہ، ایتھوپیا اور متحدہ عرب امارات سمیت چند ممالک نے وہاں رابطہ دفاتر قائم رکھے ہیں۔
اسرائیل کے اس اقدام پر ملک کے ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ یہ فیصلہ اسرائیل کے فلسطینی ریاست کے خلاف موقف کو کمزور کر سکتا ہے، کیونکہ دنیا کے بیشتر ممالک صومالی لینڈ کو صومالیہ کا حصہ سمجھتے ہیں۔
صومالی لینڈ نے اسرائیل کے اس تاریخی اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دوطرفہ مفادات کو فروغ دینے، خطے میں امن و سلامتی مضبوط کرنے اور مشترکہ فوائد فراہم کرنے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ صومالی لینڈ ابراہیم معاہدے میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے اور اس اقدام سے خطے میں اسٹریٹجک شراکت داری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

