تل ابیب کیلئے 26 ستمبر تک تمام پراوزیں منسوخ :برٹش ایئرویز

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان برٹش ایئرویز نے اسرائیل کے لیے پروازیں منسوخ کردی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق برٹش ایئر ویز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر تل ابیب کیلئے 26 ستمبر تک تمام پراوزیں منسوخ کی جارہی ہیں۔دوسری جانب اسرائیل نے حزب اللہ کے کمانڈر ابراہیم قبیسی کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

منگل کے روز بیروت پر اسرائیل کے ایک فضائی حملے میں حزب اللہ کے ایک سینئر کمانڈر ابراہیم قبیسی کے مارے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ لبنانی دارالحکومت پر فضائی حملے میں ابراہیم قبیسی کو مار دیا گیا ہے جو ان کے بقول حزب اللہ کے میزائل اور راکٹ فورس کے کمانڈر تھے۔

لبنان میں دو سیکورٹی ذرائع نے اسے ایران کے حمایت یافتہ گروپ کے راکٹ ڈویژن میں ایک سرکردہ شخصیت کے طور پر بیان کیا ہے۔

حزب اللہ پر دباؤ نے خدشہ بڑھا دیا ہے کہ تقریباً ایک سال سے جاری تنازعہ پھٹ جائے گا اور تیل پیدا کرنے والے مشرق وسطیٰ کو غیر مستحکم کر دے گا جہاں غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان پہلے ہی جنگ جاری ہے۔

اسرائیل اپنی توجہ غزہ سے شمالی سرحد پر منتقل کر رہا ہے، جہاں حزب اللہ حماس کی حمایت میں اسرائیل پر راکٹ داغ رہی ہے جسے ایران کی حمایت بھی حاصل ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں