تمام 20 زندہ اسرائیلی یرغمالی رہا ،سیکڑوں فلسطینی قیدی بھی غزہ پہنچ گئے

غزہ / تل ابیب / واشنگٹن (رائٹرز، اے ایف پی، الجزیرہ)فلسطینی مزاحمتی گروپ ’حماس‘ نےجنگ بندی معاہدے کے بعد تمام 20 زندہ اسرائیلی یرغمالیوں کو بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے حوالے کر دیا جبکہ اسرائیلی جیلوں سے سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا عمل بھی مکمل ہو گیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق، اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے نے تصدیق کی کہ حماس نے غزہ میں موجود تمام زندہ اسرائیلی یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا، جنہیں دو مراحل میں رہا کیا گیا۔دوسرے مرحلے میں 13 یرغمالیوں کو جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں منتقل کیا گیا۔

اس سے قبل رائٹرز نے رپورٹ کیا تھا کہ اس معاہدے کے تحت اسرائیل اپنی جیلوں سے سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کو رہا کر رہا ہے جبکہ 38 بسوں پر مشتمل قافلہ غزہ پہنچ گیا۔الجزیرہ کے مطابق طے شدہ معاہدے کے مطابق مجموعی طور پر دو ہزار فلسطینی قیدیوں کی رہائی عمل میں آئیگی۔

یہ معاہدہ، جو گزشتہ دو سال سے جاری اسرائیل-حماس جنگ کے خاتمے کی جانب سب سے بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے، مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کی کوششوں کو مضبوط بنائے گا۔

“اسرائیل میں عوامی خوشی کا اظہار”
اسرائیل میں عوام نے یرغمالیوں کی رہائی پر جشن منایا۔ غزہ کے قریب واقع فوجی کیمپ رئیم میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے جہاں یرغمالیوں کو لایا گیا۔تل ابیب کے ’یرغمالی چوک‘ میں بھی سینکڑوں افراد اسرائیلی جھنڈے لہراتے اور یرغمالیوں کی تصاویر والے پوسٹر اٹھائے ہوئے موجود تھے۔

“غزہ میں مناظر”
رائٹرز کی فوٹیج کے مطابق، جنوبی غزہ کے نصر ہسپتال میں نقاب پوش مسلح افراد، جو غالباً حماس کے عسکری ونگ کے ارکان تھے، موجود تھے۔ وہ ان مقامات پر موجود رہے جہاں سے یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا یا جہاں فلسطینی قیدیوں کی آمد متوقع تھی۔

ایمبولینسوں کے قریب استقبالیہ نشستیں لگائی گئیں اور قیدیوں کے استقبال کی مختصر تقریب بھی منعقد ہوئی۔

“امریکی صدر ٹرمپ کا ردعمل”
واشنگٹن سے روانگی کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا”جنگ ختم ہو گئی ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ
“مجھے یقین ہے کہ اب حالات معمول پر آ جائیں گے۔”

اپنا تبصرہ لکھیں