واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی آئندہ ملاقات کے مقام کے انتخاب کے حوالے سے ایک صحافی کے سوال پر وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیویٹ نے طنزیہ طور پر جواب دیا کہ ’تمہاری ماں نے‘۔
انڈیپینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی ہنگری کے دارالحکومت بُڈاپسٹ میں پیوٹن سے ملاقات کریں گے تاکہ یوکرین کی جنگ کے خاتمے پر بات چیت کی جا سکے۔ اس فیصلے پر سوالات اسلئےاٹھائے جا رہے ہیں کہ پیوٹن کیلئےبین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا ہوا ہے، تاہم ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، ہنگری غالباً اس وارنٹ پر عمل نہیں کریگااور عدالت سے علیحدگی کے عمل میں ہے۔
ہف پوسٹ نے جب وائٹ ہاؤس سے پوچھا کہ ملاقات کے مقام کا انتخاب کس نے کیا، تو پریس سیکریٹری لیویٹ نے طنزیہ جواب دیا: ’تمہاری ماں نے‘۔ بعد ازاں، وائٹ ہاؤس کمیونیکیشنز ڈائریکٹر اسٹیون چیونگ نے بھی وہی جملہ دہرایا۔
لیویٹ نے کہا کہ “مجھے یہ مضحکہ خیز لگتا ہے کہ تم خود کو صحافی سمجھتے ہو، تم ایک انتہا پسند بائیں بازو کے کارکن ہو، جسے میڈیا میں کوئی سنجیدگی سے نہیں لیتا۔” وائٹ ہاؤس ترجمان ٹیلر راجرز نے بھی کہا کہ “یہ جواب بالکل مناسب تھا، کیونکہ جس شخص کو یہ پیغام دیا گیا وہ کوئی حقیقی رپورٹر نہیں بلکہ ایک ڈیموکریٹک کارکن ہے۔”
رپورٹ کے مطابق، حالیہ دنوں میں وائٹ ہاؤس کی سیاسی زبان اور لہجہ مزید سخت ہو گیا ہے۔ جمعرات کو “فاکس نیوز” کے ایک انٹرویو میں لیویٹ نے دعویٰ کیا کہ ڈیموکریٹک پارٹی کا اصل ووٹ بینک “حماس کے دہشت گرد، غیر قانونی تارکینِ وطن، اور پرتشدد مجرموں” پر مشتمل ہے۔

